بیجنگ (نیوز ڈیسک) پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کی دعوت پر 31 مارچ تا یکم اپریل 2026 کو بیجنگ کا سرکاری دورہ کیا، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات خوشگوار اور روایتی گرمجوشی کے ماحول میں ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال خصوصاً مغربی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتِ حال اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ نائب وزیرِاعظم نے چینی ہم منصب کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جس میں اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی حالیہ ملاقات کا حوالہ بھی دیا گیا۔
دونوں فریقین نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ترقی پذیر ممالک پر اس کے سنگین سماجی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پانچ نکاتی مشترکہ اقدام بھی شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی نے مغربی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے فعال سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات میں تیزی سے آنے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
ملاقات میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا کہ پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطحی تبادلوں اور رابطوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ نائب وزیرِاعظم محمد اسحاق ڈار نے چینی قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال، امن و استحکام کی اہمیت اور دہشت گردی کے مؤثر سدباب کی ضرورت پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی رابطوں کو جاری رکھتے ہوئے خطے میں امن اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔









