کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر ابرار احمد کا کہنا ہے کہ اس وقت میری بنیادی توجہ اپنی بولنگ کو مزید بہتر بنانے پر ہے جبکہ بیٹنگ کے لیے روزانہ مختصر وقت دینا ہی میرے لیے کافی ہے۔
لاہور میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ابرار احمد نے کہا کہ ساتھی بولر عثمان طارق کے ساتھ مل کر پلان کے مطابق بولنگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ مسلسل مؤثر اوورز بیٹرز کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر بیٹرز دفاعی انداز اختیار کریں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ انہیں شاٹس کھیلنے کا موقع نہ دیا جائے، رنز روکے جائیں اور وکٹیں حاصل کی جائیں۔
ابرار احمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بار ٹیم کی اسپن، فاسٹ بولنگ اور بیٹنگ مضبوط ہے اور میں فائنل کھیلنے کے ساتھ ٹائٹل جیتنے کے لیے پُرامید ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ نئی ٹیموں کی شمولیت سے مقابلہ مزید سخت ہوا ہے، نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جبکہ نئی ٹیمیں بھی جلد دیگر ٹیموں کی طرح بہتر کارکردگی دکھائیں گی۔
صرف 2 وینیوز پر میچز کے انعقاد سے متعلق سوال پر ابرار احمد کا کہنا ہے کہ زیادہ استعمال ہونے والی وکٹیں بولرز، خاص طور پر اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہیں اور ٹیموں نے اسی حساب سے اپنی حکمتِ عملی تیار کی ہو گی۔
سیلیبریشن کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ میں کسی نئے انداز کے بجائے اپنا پرانا سیلیبریشن اسٹائل ہی پسند کرتا ہوں۔
بیٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ابرار احمد نے کہا کہ میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کو مدِنظر رکھتے ہوئے بیٹنگ پر بھی کام کر رہا ہوں تاہم فی الحال میرے لیے 10 منٹ کی بیٹنگ پریکٹس کافی ہے۔









