بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ایس ایل: کسی سے ملنا ہو تو 24 گھنٹے قبل بتاؤ، بورڈ کی فرنچائزز کو ہدایت

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل فرنچائزز کو کھلاڑیوں کی اہلخانہ اور دوستوں سے ملاقات کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کردیں۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی اور سکندر رضا کی جانب سے بغیر اجازت کچھ افراد کو ہوٹل روم میں لے جانے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں، پولیس نے دونوں پر سیکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔

پنجاب پولیس کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل چیف کو ایک خط میں الزام لگایا گیا کہ شاہین آفریدی اور سکندر رضا غیر مجاز افراد کو زبردستی ہوٹل کے کمرے میں لے گئے، مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

اس حوالے سے سکندر رضا نے موقف اپنایا تھا کہ دوست اور فیملی کو میری درخواست پر شاہین میرے کمرے تک لے کر گئے، اگر یہ ایس او پیز تھے کہ کمروں میں ملاقات کی اجازت نہیں تو ہمیں اس کا علم نہیں تھا، اصل قصور میرا ہے، شاہین کا نہیں ہے۔

سیکیورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر لاہور قلندرز نے کپتان شاہین آفریدی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا تھا۔

اب اس حوالے سے مزید پیش رفت سامنے آئی ہے، پی سی بی نے تمام فرنچائزز کو نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

ای میل میں لکھا گیا کہ یہ ٹیم ہوٹلز میں فیملی ممبرز اور بیرونی مہمانوں کی آمد کے حوالے سے پالیسی کی دوبارہ وضاحت ہے، کم از کم 24 گھنٹے قبل اطلاع موصول ہونے پر بورڈ بیرونی مہمانوں کی ملاقات کا انتظام کرنے کی کوشش کرے گا۔

ایسی ملاقاتیں ہوٹل کے کسی مناسب مقررہ مقام پر منعقد کی جائیں گی، ٹیم فلور پر جانے کی سختی سے اجازت نہیں ہوگی، کھلاڑیوں کے قریبی فیملی ممبران بشمول اہلیہ، والدین، بھائی، بہن اور بچے کمرے میں جا سکیں گے، البتہ اس کی بھی کم از کم 24 گھنٹے قبل اطلاع دینا ہوگی۔

بورڈ آفیشل نے ای میل کے آخر میں لکھا کہ تمام شریک ٹیموں کی سیکیورٹی اور آپریشنل نظام کو برقرار رکھنے کے لیے ان ضوابط کی پابندی میں تعاون کی قدر کی جاتی ہے۔