کراچی (نیوزڈیسک)پی ایس ایل 11 کے میچز کے لیے ٹیموں کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ،پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کی ٹیمیں شہر قائد پہنچ گئیں، لیگ کے میچز کے لیے مشقوں کا آغاز جمعہ سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پی ایس ایل 11 کے 22 میچز کی میزبانی کرے گا ،پہلا میچ 8اپریل کو حیدرآباد کنگز مین کا پشاور زلمی سے مقابلہ طے ہے ،9 اپریل کو ڈبل ہیڈرز میں 2 میچز کھیلے جائیں گے ۔
دفاعی چیمپین لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائٹیڈ سے میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا مقابلہ شام7 بجے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان طے ہے۔درین اثنا میچز میں شرکت کے لیے بدھ کو پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کی ٹیمیں کراچی پہنچ گئیں۔
جمعہ سے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیموں کی مشقوں کا اغاز ہوگا ،پہلے دن پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کی ٹیمیں حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ اور اوول گراؤنڈ پر دوپہر ساڑھے 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک اپنے ہتھیاروں کی جانچ کریں گی ۔
دوسری جانب جمعرات کو کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں برساتی پانی جمع ہو گیا،انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کے لیے سر توڑ کوششیں جاری رہیں۔ مزید بارش کی صورت میں ٹیموں کی مشقین متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔









