بھارتی اسپورٹس پریزنٹر صاحبہ بالی اپنی ایک پرانی ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آ گئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل اپنے پرانے انٹرویو میں صاحبہ بالی اپنے دورۂ پاکستان کے بارے میں بات کرتی نظر آ رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میرا دورۂ پاکستان آنکھیں کھول دینے والا تھا، یہ 2005ء کی بات ہے، میں اس وقت نو عمر تھی اور ہم کسی کی شادی میں پاکستان گئے تھے، چنانچہ ہم نے لاہور اور کراچی کا دورہ کیا۔
صاحبہ بالی نے بتایا کہ بچپن میں پاکستان کے بارے میں میرا تصور وہی تھا جو میں نے میڈیا پر دیکھا تھا، جو میں نے بھارتی فلموں میں دیکھا تھا یا جو میں نے کرکٹ میچز کے دوران دیکھا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ لیکن جب میں پاکستان گئی تو میرا تصور بالکل بدل گیا، پاکستانی بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں، وہ یہ جان کر بہت خوش ہوئے کہ ہم بھارت سے آئے ہیں۔
صاحبہ بالی کے انٹرویو کی یہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی متعصب بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے ناصرف ان پر شدید تنقید کرنا شروع کر دی بلکہ ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔









