بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کاایران جنگ سیزفائر میں کلیدی کردار،”اسلام آباد ٹالکس” ایکس پرٹاپ ٹرینڈبن گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے تناظر میں پاکستان کے کردار پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’’اسلام آباد ٹاکس‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے، جبکہ صارفین کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عسکری قیادت کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مؤثر سفارتکاری اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کے ذریعے عالمی منظرنامے پر اپنی پوزیشن مستحکم کی ہے اور خطے کو ممکنہ بڑے بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ متعدد صارفین نے پاکستان کو عالمی امن کا سفیر قرار دیتے ہوئے اس کردار کو سراہا ہے۔

صارفین کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکا، ایران اور دیگر فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی۔ ان کے مطابق پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔

عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی پاکستان کے بطور ثالث نتیجہ خیز کردار کی ستائش کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں پاکستان کا کلیدی کردار نہ صرف ملکی وقار میں اضافہ کرتا ہے بلکہ خطے کے معاشی اور دفاعی مفادات کے لیے بھی سودمند ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ میں ایک اہم اور مؤثر فریق کے طور پر ابھر رہا ہے، اور مستقبل میں بھی عالمی سطح پر اس کے کردار کو اہمیت حاصل رہے گی۔