بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بدعنوانی پر زیرو ٹالرنس، خدام الحجاج کی تربیت مکمل، سخت ہدایات جاری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج آپریشنز میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے پہلی بار خدام الحجاج کی فیلڈ ڈپلائمنٹ کے ساتھ ایک جامع تربیتی پروگرام مکمل کیا۔ تین روزہ اسپیشلائزڈ ٹریننگ سے قبل خدام کو دس روزہ جنرل ٹریننگ بھی دی گئی، جس کے بعد انہیں جدید سمارٹ سروس ماڈل کے تحت مختلف ذمہ داریوں کے مطابق خصوصی مہارتیں سکھائی گئیں تاکہ حجاز مقدس میں خدمات کی فراہمی کو ہر ممکن حد تک مؤثر اور بغیر کسی خامی کے یقینی بنایا جا سکے۔

کوآرڈینیٹر مکہ و خدام الحجاج ذوالفقار خان کے مطابق اس تربیت کو تین اہم مراحل میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں خدام کو عمارتوں کے معائنے، حجاج کی آمد و رہنمائی اور وہیل چیئرز کی تقسیم سے متعلق آڈیو ویژول بریفنگ دی گئی، جبکہ ناظمین کو مشاعر مقدسہ، خصوصاً منیٰ اور عرفات میں نقل و حرکت کی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔

دوسرے مرحلے میں سروس ایکسیلنس پر خصوصی توجہ دی گئی، جس میں بسوں کی فراہمی، ڈراپ پوائنٹس پر ڈیوٹی اور کچن مینو کی نگرانی جیسے اہم امور پر عملی مشقیں کروائی گئیں۔ اس دوران کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے شکایات کے فوری اور ڈیجیٹل ازالے کی تربیت بھی فراہم کی گئی۔

تیسرے مرحلے میں گمشدہ سامان کی بازیابی اور مدینہ منورہ کے مخصوص آپریشنز پر توجہ مرکوز کی گئی۔ تربیت کے اختتام پر خدام کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے ایک کوئز بھی لیا گیا۔ حکام کے مطابق خدام کے لیے مخصوص جیکٹس، جی پی ایس ٹریکنگ کا نظام اور ڈیوٹی کے دوران خدمت کو عبادات پر ترجیح دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی واضح کیا گیا کہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی، تحائف وصول کرنے یا ڈیوٹی میں غفلت برتنے کی صورت میں فوری واپسی اور بلیک لسٹنگ سمیت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ حج آپریشن کو شفاف، منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔