اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوریج کے لیے آنے والے غیر ملکی صحافیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے ایران اور امریکہ سے آنے والے صحافیوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت دینے کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے بین الاقوامی میڈیا کی آمد میں مزید آسانی ہوگی۔
وزیر اطلاعات کے مطابق اب تک تقریباً 50 غیر ملکی صحافی پاکستان پہنچ چکے ہیں، جبکہ چین، سعودی عرب، جاپان، جرمنی اور کوریا سمیت مختلف ممالک سے مزید درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے جناح کنونشن سینٹر میں صحافیوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ میڈیا سینٹر قائم کیا ہے، جہاں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، کمپیوٹرز، پرنٹرز اور بڑی اسکرینز فراہم کی گئی ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید بتایا کہ صحافیوں کی سہولت کے لیے تمام انتظامات ایک ہی جگہ پر کیے گئے ہیں تاکہ انہیں کوریج کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جناح کنونشن سینٹر کی ریڈ زون سے قربت کے باعث میڈیا نمائندگان باآسانی اپنی رپورٹنگ انجام دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی صحافیوں کو خصوصی کارڈز بھی جاری کیے گئے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ انہیں ایک محفوظ اور سہل ماحول فراہم کیا جائے۔
آخر میں وزیر اطلاعات نے پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی صحافیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ملک عالمی میڈیا کے لیے اپنے دروازے کھولے ہوئے ہے۔









