نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار(Ishaq Dar) نے یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزارت خارجہ پاکستان کے مطابق اسحاق ڈار نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مسلسل اور قریبی رابطے کو سراہا، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر کاجا کالاس نے امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے حل کے لیے مسلسل مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا مثبت جائزہ لیا اور تمام باہمی امور پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
مزیدپڑھیں:پی ایس ایل: پی سی بی نے زمبابوین کھلاڑی پر پابندی عائد کردی
قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں حالیہ علاقائی اور سفارتی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران خاص طور پر اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران مذاکرات سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
ترجمان کے مطابق کینیڈین وزیر خارجہ نے مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور اسے اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے تمام فریقین کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔









