راولپنڈی، پاکستانی عسکری قیادت اور حکومت نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کروانے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی کوششوں کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک اہم سفارتی مشن پر تہران پہنچے ہیں جہاں ان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی وفد کا باقاعدہ استقبال کیا اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستانی وفد کا یہ دورہ تہران ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تنازعات کو حل کرنے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ پاکستان اس وقت خطے میں ایک “ثالث” اور “امن ساز” کے طور پر ابھرا ہے اور تہران میں ہونے والی یہ ملاقاتیں اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے تسلسل کی کڑی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایرانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں سیکیورٹی صورتحال، سرحدی معاملات اور خاص طور پر امریکہ کے ساتھ جاری سفارتی تعطل کو ختم کرنے کے حوالے سے پاکستان کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:ایران، امریکا پس پردہ سفارتی رابطے جاری، پاکستان اہم کردارہے، اسماعیل بقائی
ماہرینِ امورِ خارجہ اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس سے نہ صرف امریکہ اور ایران کے درمیان برف پگھلنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی ساکھ میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔









