لاہور: پنجاب حکومت (Punjab Government) نے صوبے کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ماحول دوست اور جدید سفری سہولیات کو فروغ دینا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے میں ماس ٹرانزٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبوں پر پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے تحصیل سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے جامع پلان طلب کر لیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور اوکاڑہ میں الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔ ہر ڈویژن میں ان بسوں کے لیے خصوصی ڈپو بھی قائم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:
مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت رواں ماہ 100، مئی کے وسط تک 350 جبکہ جون کے آخر تک مجموعی طور پر 264 الیکٹرک بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ فری ٹرانسپورٹ سروس کے تحت اب تک 21 روٹس پر ایک لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ اس پروگرام کے تحت 3,560 سے زائد بس ٹرپس مکمل کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی اسکیم پر پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے مطابق مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسیاں متعارف کرائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس میں میٹرو بس اسٹیشنز کی مرمت اور اپگریڈیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیک منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، جسے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔









