بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ رول اوور کر دیا، معاہدے پر دستخط

سعودی عرب (Saudi Arabia) نے پاکستان میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اسے رول اوور کر دیا ہے، جس کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی، جو عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر ہوئی۔ اس تقریب میں امریکا میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جلد کمی کا امکان، وفاقی وزیر توانائی

اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ سعودی فنڈ برائے ترقی (SFD) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان طے پایا، جس کے تحت اسٹیٹ بینک میں موجود 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کی گئی۔

معاہدے پر سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو سلطان بن عبدالرحمان المرشد اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے دستخط کیے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط معاشی تعلقات کا عکاس ہے اور اس سے ملک کے بیرونی مالی استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی تھی، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوا تھا۔ تاہم پاکستان کو آئندہ مالی ذمہ داریوں کے تحت متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی بھی کرنی ہے، جبکہ حالیہ مہینوں میں یوروبانڈ کی مد میں بھی ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔