پاکستان سے حج 2026 کے لیے باقاعدہ فضائی آپریشن کا آغاز ہو گیا، جس کے تحت پہلی حج پرواز کراچی سے 160 عازمین کو لے کر حجاز مقدس روانہ ہوئی۔ عازمین کی روانگی کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، جبکہ حکام نے انہیں مبارکباد اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے عازمین حج کو الوداع کہا۔ اس موقع پر حکام نے عازمین کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی اور انتظامات کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
حکام کے مطابق رواں سال کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ عازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سعودی امیگریشن کا عمل کراچی ایئرپورٹ پر ہی مکمل کیا جائے گا، جس کے باعث سعودی عرب پہنچنے پر امیگریشن کے مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں:اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 38 ارب روپے کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز کی ادائیگی کا عمل شروع کر دیا
روڈ ٹو مکہ منصوبہ پاکستانی عازمین کے لیے سفری آسانیوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے وقت کی بچت اور سفری مشکلات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب سعودی میڈیا کے مطابق مکہ روٹ انیشیٹیو میں شامل ممالک کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔ رواں برس 10 ممالک کے 17 اسٹیشنز سے اس منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ان ممالک میں پاکستان، مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا، بنگلادیش، ترکیہ، جمہوریہ آئیوری کوسٹ اور مالدیپ شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق مکہ روٹ انیشیٹیو کا دائرہ کار بڑھنا سعودی عرب اور شریک ممالک کے درمیان تعاون میں اضافے اور حج انتظامات میں جدید سہولیات کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ پاکستانی عازمین کے لیے یہ ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔









