پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش(rain)، بعض مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث موسم خوشگوار جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے سوات، کرک، ملاکنڈ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش ہوئی، جبکہ گلیات اور وادی ناران میں برفباری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں نظامِ زندگی بھی جزوی طور پر متاثر ہوا۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ کیل شیخ بیلہ کے مقام پر بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں 20 سے زائد سیاحتی گاڑیاں پھنس گئیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ مسافروں کو مقامی آبادی میں عارضی رہائش فراہم کردی گئی ہے جبکہ سڑک بحالی کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
مزید پڑھیں:ملک کے مختلف علاقوں میں 12 اپریل سے بارشوں کی پیشگوئی
دوسری جانب بلوچستان کی وادی زیارت کے بالائی علاقوں، توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ ادھر شاہراہ قراقرم کوہستان میں لاچی نالہ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش، بعض مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ اداروں نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ماہرین کے مطابق حالیہ بارشیں خشک موسم کے بعد پانی کے ذخائر اور زرعی شعبے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں، تاہم پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور بند شاہراہیں خطرات بھی بڑھا سکتی ہیں۔









