بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ضمنی الیکشن میں ہمارے بیانیے کو شکست نہیں ہوئی، خواجہ آصف

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ہمارے بیانیے کو شکست نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 17جولائی کے الیکشن کے بعد مختلف بیانات سامنے آرہے ہیں۔ پنجاب کی 20 سیٹوں میں سے ہم نے 5 سیٹیں حاصل کیں اور ضمنی الیکشن میں 2018 کے مقابلے میں ہم نے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔ یہ سیٹیں پہلے ہی تحریک انصاف کے پاس تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے انتہائی زبردست انداز میں انتخابی مہم چلائی اور یہ واحد الیکشن ہے جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ ہم نے کبھی نہیں کہا تھا کہ پرویز الہٰی ڈاکو ہے بلکہ عمران خان نے کہا تھا یہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے اور عمران خان انہیں حکومت دے رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ان پر اپنی 178 سیٹیں قربان کر رہے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں ہمارے بیانیے کو کوئی شکست نہیں ہوئی اور ان الیکشنز میں مقامی سطح پر سیاسی وفاداریاں اور دھڑے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 17 جولائی کے الیکشن میں ہم نے ووٹ کی حرمت کا پاس کیا اور پی ٹی آئی نے 4 سال میں مخالفین کے خلاف حکومتی اداروں کو استعمال کیا۔
چیئرمین نیب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اچھی شہرت رکھنے والی شخصیت کو چیئرمین نیب بنایا ہے اور نئے چیئرمین نیب پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کیلئے جتنی قربانی دینا پڑی ہم دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت نے اعلان کیا کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی تو مارکیٹ میں استحکام آیا اور ڈالر کی اونچی اڑان آج بھی جاری رہی مگر اب ہم نے ڈالر پر قابو پانا شروع کر دیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں روپیہ کی گرتی ہوئی قدر کو آہستہ آہستہ کنٹرول کیا جا رہا ہے، اسٹیٹ بینک نے بھی ڈالر کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ درآمدات کو کم کر رہے ہیں، اس وقت ہمارے پاس ملک میں دو بلین کیٹر سے زائد ساٹھ دنوں کا آئل کا ذخیرہ موجود ہے، فرنس آئل بھی وافر مقدار میں موجود ہے، تیل کی کھپت کم ہونے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جس سے روپیہ پر پریشر کم ہو گا، عالمی سطح پر قیمتیں کم ہونے سے آئندہ ماہ سے مارکیٹ میں استحکام آئے گا۔