بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جماعت اسلامی کا آئی پی پیز اور پیٹرول مافیا کیخلاف بڑی تحریک چلانے کا اعلان

ملک میں بیوروکریسی اور مخصوص طبقوں کا گٹھ جوڑ دہائیوں سے نظام کو چلا رہا ہے

ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے عیدالاضحیٰ کے بعد آئی پی پیز اور پٹرول مافیا کے خلاف ملک گیر بڑی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام نے عوام کو شدید مسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کا نظام تباہ ہو چکا ہے جبکہ سولر انرجی پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ جس سے عوام پر مزید بوجھ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کے لیے باہر نکلنا پڑے گا۔ کیونکہ موجودہ نظام کو صرف تقریروں سے نہیں بلکہ عملی جدوجہد سے بدلا جا سکتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی میں خاندانوں کی بنیاد پر سیاست نہیں ہوتی بلکہ کارکنان اپنی محنت سے آگے آتے ہیں۔ ملک میں بیوروکریسی اور مخصوص طبقوں کا گٹھ جوڑ دہائیوں سے نظام کو چلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قرضے 80 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ سودی نظام کو ختم کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جا رہی۔ اگر جماعت اسلامی کو موقع ملا تو نرسری سے یونیورسٹی تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چند مخصوص طبقات کی اجارہ داری کو ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اور عیدالاضحیٰ کے بعد آئی پی پیز اور پٹرول مافیا کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔