چارسدہ:وفاقی وزیر برائے کشمیر وگلگت بلتستان وسیفران اور صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام (Amir Maqam)بدھ کو وفد کے ہمراہ شہید شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی رہائش گاہ چارسدہ گئے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے شہید کے بھائیوں، بیٹوں اور شہید کے شاگردوں کے ساتھ تعزیت کی اور شہید کی درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کےلئے دعا کی۔ وفاقی وزیر نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے فرزند شیخ الحدیث مولانا انیس احمد کی بطور جانشین نامزدگی اور دستار بندی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے تعزیت کے موقع پر موجود مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت نہ صرف چارسدہ کےلئے بلکہ پورے صوبے اور ملک کےلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس واقعے اور شیخ الحدیث محمد ادریس کی شہادت پر میں اپنی طرف سے اور پوری پارٹی اور وفاقی حکومت کی طرف سے بھرپور مذمت کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے آپ سب کو اور شہید کے ورثا کو یقین دلاتا ہوں کہ مجرموں تک پہنچنے اور ان کو قرار واقعی سزا دلانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا بحیثیت عالم ،سیاستدان، سوشل ورکر ایک عظیم انسان اور رہنما تھے، شہید نے ہمیشہ امن کےلئے جہدوجہد اور دہشتگردی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ایک محب وطن جید عالم تھے، انہوں نے ہمیشہ ملک کی سلامتی اور خوشحالی و ترقی کی بات کی اور ہمیشہ حق وسچ کی بات کی۔
مزیدپڑھیں:پشاور میں امریکی قونصلیٹ جنرل کی بندش کا اعلان
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید کے فرزند شیخ الحدیث مولانا انیس احمد کی والد کی جگہ جانشین نامزد کے تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ ہم سب ان کےلئے دعاگوں ہیں کہ اللہ تعالٰی انیس احمد کو والد کے نقش قدم پر چلنے کی ہمت اور حوصلہ دیں۔تعزیت کے موقع پر وفاقی وزیر کیساتھ سابق سنیٹر بہرہ مند تنگی، ہمایون شاہ کاکاخیل، عالمگیر شاہ کاکاخیل، اسد عمرزئی، فواد خان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔









