بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جاز فائیو جی لانچ کی تیاریاں تیز، 3 سال میں 1 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد،جاز فائیو جی کیلئے الگ ٹیرف مقرر نہیں کرے گا ،جی ایس ایم کے صدر کاظم مجتبیٰ(Kazam mujtaba) نے مزیدکہا ہے کہ جاز پاکستان میں فائیو جی سروس کے کمرشل لانچ کی تیاریاں تیزی سے مکمل کر رہا ہے اور فائیو جی کا رول آؤٹ جون یا جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

صحافیوں کو غیررسمی بریفنگ دیتے ہوئے کاظم مجتبیٰ نے بتایا کہ جاز آئندہ تین سال میں فائیو جی سروس کیلئے مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جس میں سپیکٹرم فیس بھی شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جاز کا سالانہ فائیو جی رول آؤٹ حکومتی ہدف سے کہیں زیادہ ہوگا، تاہم صوبائی دارالحکومتوں میں تمام موبائل ٹاورز کو اپ گریڈ کرنے میں وقت لگے گا۔ ان کے مطابق لاہور اور کراچی میں ایک ہی مرحلے میں ڈیڑھ ڈیڑھ ہزار سائٹس کو اپ گریڈ کرنا ممکن نہیں۔

کاظم مجتبیٰ نے بتایا کہ فائیو جی ٹرائل کیلئے 180 موبائل سائٹس کا ایکوپمنٹ درآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور انہی سائٹس پر آزمائشی بنیادوں پر فائیو جی سروس چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے آخر تک جاز کا نیا ایکوپمنٹ پاکستان پہنچ جائے گا جبکہ کمپنی ایک سال میں دو سے ڈھائی ہزار موبائل ٹاورز اپ گریڈ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جاز نے سپیکٹرم نیلامی میں سب سے زیادہ سپیکٹرم حاصل کیا اور فائیو جی کیلئے 2600 میگاہرٹز کے پرائم بینڈ میں 70 میگاہرٹز سپیکٹرم خریدا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کی سست روی کا بنیادی حل مزید سپیکٹرم تھا۔

کاظم مجتبیٰ نے کہا کہ نئے ریڈیو ایکوپمنٹ کی تنصیب سے نہ صرف فائیو جی سروس شروع ہوگی بلکہ فور جی انٹرنیٹ کی رفتار بھی تقریباً دوگنا ہوجائے گی، جس سے موبائل انٹرنیٹ کی سست روی سے متعلق شکایات میں نمایاں کمی آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ جاز نے دیہی علاقوں میں سروس بہتر بنانے کیلئے 700 میگاہرٹز بینڈ میں بھی سپیکٹرم خریدا ہے، جسے فائیو جی کیلئے “گولڈ سپیکٹرم” سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2300 میگاہرٹز بینڈ میں بھی سپیکٹرم حاصل کیا گیا ہے۔

جاز کے صدر کے مطابق پاکستان میں فی صارف اوسطاً 8 سے 10 جی بی موبائل انٹرنیٹ استعمال کیا جاتا ہے جبکہ یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر ایپس کے بڑھتے استعمال سے موبائل براڈ بینڈ کی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں:ایرانی حملوں سے امریکی فوجی تنصیبات کو سرکاری دعوؤں سے کہیں زیادہ نقصان پہنچا: واشنگٹن پوسٹ

انہوں نے واضح کیا کہ جاز فائیو جی کیلئے الگ ٹیرف متعارف نہیں کرائے گا اور فور جی و فائیو جی پیکجز کا ٹیرف ایک ہی رکھا جائے گا، تاکہ صارفین پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔