اسلام آباد، پاکستان میں ہوائی جہازوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز (internet & mobile services)کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا، پی ٹی اے نے ان فلائٹ ٹیلی کمیونیکیشن سیٹلائٹ سروسز کا لائسنس تیار کر لیا ، لائسنس کا مسودہ مشاورت کے لئے جاری کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیک ہولڈر 31 مئی تک پی ٹی اے کو اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کر سکتے ہیں ، لائسنس کے تحت پرواز میں ٹیلی کمیونیکیشن سیٹلائٹ خدمات فراہم کرنے کی اجازت ہوگی ، لائسنس ہولڈرز ہوائی جہاز میں انٹرنیٹ اور موبائل ٹیلی کمیونیکیشن خدمات فراہم کر سکیں گے ۔
ہوائی جہاز میں موبائل سروس 3000 میٹر بلندی پر مشروط ہے، لائسنس کی مدت 10 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ تجدید کی سہولت حاصل ہوگی ، سروس شروع کرنے سے پہلے پی ٹی اے سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ لازمی لینا ہوگا۔ لائسنس ہولڈر کو 12 ماہ میں سروسز کا آغاز کرنا ہو گا۔
لائسنس ہولڈرز کے لئے پاکستان میں ڈیٹا اسٹوریج اور پراسیسنگ لازمی قرار دی گئی ہے ، سیٹلائٹ آپریٹر کی پی ایس اے آربی میں رجسٹریشن بھی لازمی ہو گی۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی بینڈوڈتھ مقامی ایل ڈی آئی لائسنس یافتہ سے حاصل کرنا لازم ہوگا۔
صارفین کے ڈیٹا کی رازداری اور سیکیورٹی یقینی بنانے کی شرط بھی شامل کی گئی ہے ۔ بغیر منظوری ٹیلی کام آلات کے استعمال پر پابندی ہوگی ، خدمات کا معیار بین الاقوامی معیار کے مطابق رکھنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:جاز فائیو جی لانچ کی تیاریاں تیز، 3 سال میں 1 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان
اسپیکٹرم فیس فی الحال لاگو نہیں، مستقبل میں نظرثانی ممکن ہو گی ، لائسنس کسی کو منتقل کرنے کے لیے پی ٹی اے کی پیشگی اجازت ضروری ہو گی، قوانین کی خلاف ورزی پر لائسنس معطل یا ختم کیا جا سکے گا۔









