صدرِ پاکستان آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) نے بنوں میں پولیس اسٹیشن فتح خیل پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے شہدا کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے انہیں صبر و استقامت کی تلقین کی اور شہدا کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے واقعے میں مقامی آبادی کے گھروں کو پہنچنے والے نقصان پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدرِ پاکستان نے صوبائی اور وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد اور سہولیات فراہم کی جائیں۔
اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے کوشاں ہے، بھارتی پشت پناہی میں پلنے والے دہشتگرد، طالبان رجیم کی فراہم کردہ پناہ گاہوں سے پاکستان کی شہری آبادی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا محمد اقبال خان انتقال کر گئے
صدرِ مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان نہ صرف عالمی امن کی کوششوں میں کامیاب ہوگا بلکہ دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو بھی شکست دے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف دہشتگرد ہی نہیں بلکہ ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔









