اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن(SCO) کے تعاون سے آزاد کشمیر میں دو اہم منصوبوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے جن میں انسٹیٹیوٹ آف ڈیجیٹل ایکسیلنس اور انڈپینڈنٹ لیونگ سینٹر شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب ڈائریکٹر جنرل ایس سی او نے مظفرآباد میں منعقد کی، جہاں منصوبوں کے مختلف شعبہ جات اور جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
نوجوانوں کے لیے جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت
حکام کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف ڈیجیٹل ایکسیلنس نوجوانوں کو جدید آئی ٹی سہولیات، گرافک ڈیزائننگ اور دیگر ڈیجیٹل مہارتوں میں تربیت فراہم کرے گا، جس سے انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
تقریب میں شریک نوجوانوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مراکز نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
مزیدپڑھیں:ایس آئی ایف سی کی کامیاب سہولت کاری سے جیٹ گرین ایئرلائن آپریشنل تیاری کے مرحلے میں داخل
خصوصی افراد کے لیے خودمختار زندگی کا مرکز
افتتاح کیے گئے دوسرے منصوبے انڈپینڈنٹ لیونگ سینٹر کا مقصد خصوصی افراد کو خودمختار زندگی گزارنے کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اس مرکز میں خصوصی افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاون سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
خصوصی افراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم
تقریب کے دوران خصوصی افراد میں وہیل چیئرز اور دیگر تحائف بھی تقسیم کیے گئے، جسے شرکاء نے ایک مثبت اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔
ڈیجیٹل ترقی کی جانب اہم قدم
نوجوانوں کے مطابق یہ منصوبے نہ صرف ڈیجیٹل ترقی کے لیے اہم ہیں بلکہ ایک بااختیار اور ہنر مند نسل کی تیاری میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے یہ اقدامات خطے میں ٹیکنالوجی، تعلیم اور سماجی شمولیت کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔









