افغانستان کے بتیس سالہ کرکٹر رحمت شاہ(Rehmat Shah) کے انتقال کی فیک خبرسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ہوگئی جس پر ینز تشویش میں مبتلا ہوگئے ۔
غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق یہ غلط فہمی اس وقت پیدا ہوئی جب افغان آل رائو نڈر کریم جنت نے انسٹاگرام پر رحمت شاہ کی تصویر کے ساتھ ایک تعزیتی پیغام شیئر کیا، جس سے مداحوں نے یہ سمجھا کہ شاید کرکٹر اس دنیا میں نہیں رہے۔
تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ اصل میں رحمت شاہ کی والدہ کا انتقال ہوا تھا اور کریم جنت نے پشتو زبان میں ان کی والدہ کے لیے تعزیتی پیغام لکھا تھا جسے انسٹاگرام کے خودکار ترجمے نے مکمل طور پر بدل دیا۔انسٹاگرام پر انگریزی میں ہونے والے غلط خودکار ترجمے میں لکھا تھا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ مجھے افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی رحمت شاہ کے انتقال کی خبر ملی۔
اس بڑے حادثے نے مجھے اور کرکٹ کے تمام مداحوں کو شدید غمزدہ کر دیا ہے۔ اللہ مرحوم کو جنت میں جگہ دے، قبر کو نور سے بھر دے اور خاندان کو صبر عطا فرمائے۔اصل پشتو متن کادرست ترجمہ کچھ یوں تھاکہ مجھے قومی کرکٹ ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی رحمت شاہ کی محترمہ والدہ کے انتقال کی خبر ملی۔
مزیدپڑھیں:ٹرمپ کادورہ، چین 200 سے زائد امریکی طیارے خریدے گا
اس بڑے حادثے نے مجھے اور کرکٹ کے تمام مداحوں کو بہت اداس کر دیا ہے۔ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور ان کے خاندان کو یہ بڑا غم برداشت کرنے کا صبر عطا فرمائے۔ یہ سچائی سامنے آنے پر کرکٹ مداحوں نے سکھ کا سانس لیا کہ رحمت شاہ بالکل خیریت سے ہیں اور ساتھ ہی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں۔
اگررحمت شاہ کے کھیل کی بات کی جائے تو انہوں نے آخری بار گزشتہ سال اکتوبر میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں افغانستان کی نمائندگی کی تھی، جہاں بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہو کر آخری میچ سے باہر ہو گئے تھے۔









