اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے نجکاری کمیشن(privatisation commission) آف پاکستان کے ذریعے بجلی کی تین بڑی تقسیم کار کمپنیوں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کیلئے مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں سے اظہارِ دلچسپی طلب کر لیا ہے۔
حکومت کے مطابق سرمایہ کار ان کمپنیوں میں 51 فیصد سے 100 فیصد تک شیئرز اور مینجمنٹ کنٹرول حاصل کر سکیں گے۔ یہ اقدام پاور سیکٹر میں اصلاحات، کارکردگی بہتر بنانے، نجی سرمایہ کاری بڑھانے اور صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:حج 2026: پاکستان کا مدینہ منورہ میں پری حج آپریشن کامیابی سے مکمل، ڈائریکٹر حج
یہ تینوں کمپنیاں پنجاب اور اسلام آباد کے صنعتی و شہری علاقوں میں ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہیں۔ نجکاری کمیشن کے مطابق تمام عمل شفاف اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا جبکہ سرمایہ کار انفرادی یا کنسورشیم کی صورت میں حصہ لے سکیں گے۔









