پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید(Sanam Saeed) کے کانز فلم فیسٹیول میں پہلے ڈیبیو نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی خاصی توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں ان کے انداز اور لباس کو سراہا جا رہا ہے۔
کانز فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر اداکارہ نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسین ریہر کا تیار کردہ سفید رنگ کا منفرد گاؤن زیب تن کیا، جسے مور کے خوبصورت اور نفیس تصور سے متاثر ہو کر ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اس لباس میں مکیش، زردوزی اور باریک شیشے کے کام کا استعمال کیا گیا، جسے تیار کرنے میں تقریباً 50 کاریگروں نے 2300 گھنٹوں سے زائد وقت صرف کیا۔
اداکارہ نے اس شاندار لباس کے ساتھ سلور اور ڈائمنڈ جیولری بھی پہنی، جس کا ڈیزائن بھی مور کی تھیم کے گرد گھومتا ہے۔ ان کے اس مکمل لک نے کانز ریڈ کارپٹ پر موجود افراد کی توجہ فوراً اپنی طرف مبذول کر لی۔
View this post on Instagram
مزیدپڑھیں:پاکستان کو سیریز میں کلین سوئپ،شان مسعو د کی کپتانی پر سوالات اٹھ گئے
بھارت میں فیشن مبصرین اور اسٹائلسٹس نے بھی صنم سعید کے اس انداز کو سراہا ہے۔ بھارتی اسٹائلسٹ نشا گوینکا کے مطابق کانز میں اکثر یا تو بہت زیادہ روایتی یا پھر حد سے زیادہ ڈرامائی انداز دیکھنے کو ملتا ہے، تاہم صنم سعید کا لک توازن اور نفاست کا بہترین امتزاج تھا۔
اسی طرح فیشن مبصر صوفی موتی والا نے بھی پاکستانی اداکارہ کے لباس کو اعلیٰ درجہ دیتے ہوئے ان کے ڈیبیو کو مکمل نمبر دینے کی رائے دی۔
سوشل میڈیا پر بھی صنم سعید کے کانز لک کی تصاویر وائرل ہو گئیں، جہاں صارفین نے ان کی خوب تعریف کی۔ کئی بھارتی صارفین نے بھی ان کے انداز کو سراہتے ہوئے اسے کانز کے بہترین لکس میں سے ایک قرار دیا، جبکہ کچھ دیگر معروف شخصیات کے فیشن انتخاب پر تنقید بھی سامنے آئی۔
بھارتی میڈیا میں بھی صنم سعید کے اس ڈیبیو کو نمایاں کوریج مل رہی ہے اور اسے اس سال کے کانز فیشن ہائی لائٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔









