بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اے آئی نے معروف کورین اداکارکم سو ہیون کاکیرئرتباہ کردیا

جنوبی کوریا(South Korea) کے معروف اداکار کم سو ہیون ایک بڑے اسکینڈل کے بعد شدید تنازعے کی زد میں آ گئے تھے، تاہم اب پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے خلاف پھیلائی گئی تمام متنازع تصاویر، چیٹ پیغامات اور آڈیو ریکارڈنگز جعلی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ تھیں۔

اس انکشاف کے بعد جنوبی کوریا میں سوشل میڈیا، یوٹیوب اور مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

جنوبی کوریا کے معتبر اخبار جونگ آنگ ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق، یہ پورا معاملہ گزشتہ برس اس وقت شروع ہوا جب یوٹیوبر کم سی ای نے دعویٰ کیا کہ عالمی شہرت یافتہ اداکار کم سو ہیون کا ایک کم عمر اداکارہ کے ساتھ تعلق تھا۔ اس دعوے کے ساتھ مبینہ چیٹ اسکرین شاٹس، آڈیو ریکارڈنگز اور دیگر مواد بھی یوٹیوب پر شیئر کیا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔

اس اسکینڈل کے بعد کم سو ہیون کی پیشہ ورانہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ متعدد برانڈز نے ان سے معاہدے ختم کر دیے جبکہ کئی منصوبے بھی متاثر ہوئے۔ اداکار کو شدید عوامی تنقید، ذہنی دباؤ اور ساکھ کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم جنوبی کورین پولیس نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات شروع کیں اور ڈیجیٹل فرانزک تجزیے کے دوران چونکا دینے والے شواہد حاصل کیے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق یوٹیوب پر شیئر کیے گئے تمام چیٹ ریکارڈ جعلی تھے۔ اصل ناموں کو تبدیل کر کے گفتگو کو اس انداز میں پیش کیا گیا کہ بظاہر ایسا لگے جیسے وہ کم سو ہیون اور مبینہ متاثرہ شخص کے درمیان ہو رہی ہو۔

مزیدپڑھیں:ایران جنگ کی ’مخالف‘ اور پاکستان کی ناقد امریکی انٹیلیجنس سربراہ تلسی گبارڈنے استعفیٰ دیدیا

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ وائرل ہونے والی تمام آڈیو ریکارڈنگز جدید مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی تھیں۔ پولیس کے مطابق اداکار کی آواز کو AI وائس کلوننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے نقل کیا گیا تاکہ لوگوں کو یقین دلایا جا سکے کہ یہ اصل ریکارڈنگز ہیں۔

پولیس نے واضح طور پر کہا کہ کم سو ہیون کا ایسا کوئی تعلق کبھی موجود ہی نہیں تھا جیسا دعویٰ کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ تمام مواد جان بوجھ کر جعلی بنایا گیا تاکہ یوٹیوب ویوز، اشتہاری آمدن اور مالی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کو بخوبی علم تھا کہ وہ جھوٹا اور من گھڑت مواد پھیلا رہا ہے، مگر اس کے باوجود اس نے مالی فائدے کے لیے ایک معروف اداکار کی زندگی اور کیریئر کو نقصان پہنچایا۔

پولیس نے اپنے بیان میں کہاملزم نے معاشی فائدے کے لیے جھوٹی معلومات پھیلائیں۔ اس عمل نے کم سو ہیون کی سماجی حیثیت، معاشی سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ زندگی کی بنیاد کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔”

مصنوعی ذہانت کے اس بڑے فراڈ کے سامنے آنے کے بعد جنوبی کوریا کے پراسیکیوٹر آفس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ یوٹیوبر کے خلاف گرفتاری وارنٹ کی درخواست دائر کر دی ہے۔ اس پر “غیر قانونی تصاویر کی تیاری اور تقسیم” سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عدالت آئندہ ہفتے اس درخواست پر فیصلہ سنائے گی کہ آیا ملزم کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا جائے یا نہیں۔ اس کیس نے دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال، سوشل میڈیا کی طاقت اور جھوٹی معلومات کے تباہ کن اثرات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔