فرانس (France) نے اسرائیل کے وزیر برائے قومی سلامتی اتمر بن گویر کے فرانسیسی سرزمین میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ اعلان فرانسیسی وزیر خارجہ جین نویل بارو نے کیا، جنہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا کے ارکان کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے ردعمل کی عکاسی کرتا ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے مطابق یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہے، جبکہ جین نویل بارو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی اس فیصلے کی تصدیق کی۔
مزید پڑھیں؛عباس عراقچی اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ٹیلیفونک گفتگو، امریکا ایران مذاکرات پر تبادلہ خیال
انہوں نے مزید بتایا کہ فرانس اپنے اطالوی ہم منصب کے ساتھ مل کر یورپی یونین سے بھی مطالبہ کر رہا ہے کہ اتمر بن گویر کے خلاف مشترکہ سطح پر پابندیاں عائد کی جائیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کشیدگی اس وقت بڑھی جب ایک ویڈیو میں اتمر بن گویر کو غزہ فلوٹیلا سے منسلک کارکنان کے بارے میں سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد بعض کارکنان نے حراست کے دوران بدسلوکی کے الزامات بھی عائد کیے۔









