پاکستان میں موبائل فون صارفین کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں یوفون(Ufone) اور ٹیلی نار(Telenor) پاکستان کے انضمام کے بعد ایک نئے برانڈ “e&” کے تحت آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
اس مجوزہ انضمام سے ملک کے 20 کروڑ سے زائد موبائل صارفین متاثر ہوں گے جبکہ ٹیلی کام سیکٹر میں مقابلے کی نئی فضا پیدا ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق یوفون کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے حصول کا عمل مکمل ہونے کے بعد ریگولیٹری ادارے کو باضابطہ درخواست جمع کروائی گئی ہے۔ درخواست میں تجویز دی گئی ہے کہ دونوں کمپنیوں کو ضم کر کے “e&” نامی نئے برانڈ کے تحت پاکستان میں متعارف کرایا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ درخواست دونوں اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد جمع کروائی گئی جبکہ پی ٹی اے نے اس معاملے پر مشاورتی عمل تقریباً مکمل کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انضمام کے بعد دونوں کمپنیوں کے نیٹ ورک انفراسٹرکچر کو یکجا کرنے کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو بہتر کوریج، تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ٹیلی کام ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مرجر سے نہ صرف فور جی سروسز میں بہتری آئے گی بلکہ مستقبل میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
مزیدپڑھیں:سیاسی پناہ حاصل کرنے کی مبینہ کوشش ناکام، ایف آئی اے نے مسافر کو روک لیا
ماہرین کے مطابق نئے برانڈ کے قیام کے بعد پاکستان کی ٹیلی کام مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ نیٹ ورک اپ گریڈیشن پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس پیش رفت سے صارفین کو بہتر کال کوالٹی، تیز موبائل ڈیٹا اور جدید ڈیجیٹل سروسز میسر آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئے برانڈ کی لانچنگ اور مکمل انضمام سے متعلق حتمی منظوری ملنے کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا، جس کے بعد مارکیٹ میں ایک مضبوط اور جدید ٹیلی کام آپریٹر سامنے آ سکتا ہے۔









