اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر(sanator muhammad abdul qadir) جو ان دنوں فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس میں موجود ہیں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا .
کوئٹہ میں عید کی خوشیاں منانے کے لیے سفر کرنے والے بے گناہ مسافروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا نہ صرف ایک افسوسناک سانحہ ہے بلکہ انسانیت کے خلاف کھلی بربریت بھی ہے۔
عید جیسے مقدس تہوار کے موقع پر خاندانوں سے ملنے جانے والے شہریوں پر حملہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ دہشت گرد عناصر ملک میں خوف، عدم استحکام اور بے یقینی کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔
اس واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے جبکہ عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ریلوے ٹریکس، ٹرینوں اور عوامی مقامات پر سکیورٹی مزید سخت بنانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
قومی و مذہبی خوشیوں پر وار کرنے والے مسلمان تو کیا انسان بھی کہلانے کے لائق نہیں. چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان جیسے حساس صوبے میں تخریب کاری کے واقعات نہ صرف امن و امان بلکہ معاشی اور سماجی استحکام کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔
دہشت گرد عناصر ملکی ترقی، عوامی اعتماد اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت اس حملے کے ذمہ دار عناصر اور سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے۔
عوام کو یہ یقین دلانا ضروری ہے کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر متحرک ہے۔ یہ سانحہ اس حقیقت کی یاد دہانی بھی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سکیورٹی آپریشنز کے ساتھ قومی اتحاد، سیاسی ہم آہنگی اور مؤثر حکمت عملی سے جیتی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا: گاڑیوں کی چوری اور توڑ پھوڑ کا الزام، بھارتی شہری گرفتار
قوم کو متحد ہو کر ان انسان دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانا ہوں گے تاکہ پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکے۔









