بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

منیٰ لبیک اللہم لبیک کی صداؤں سے گونج اٹھا،لاکھوں مسلمان آج فریضہ حج ادا کریں گے

دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان آج فریضہ حج(Hajj) کا سب سے اہم رکن وقوفِ عرفات ادا کریں گے۔ حج 2026 کے مناسک کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور عازمینِ حج قافلوں کی صورت میں مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے یومِ ترویہ عبادات اور دعاؤں میں گزارا۔

حجاج کرام نے منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کیں جبکہ رات بھر فضائیں لبیک اللہم لبیک کی روح پرور صداؤں سے گونجتی رہیں۔ عازمین نے زیادہ وقت تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور نوافل کی ادائیگی میں گزارا۔

شدید گرمی کے باعث سعودی حکام کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ سکیورٹی اور امدادی اہلکار حجاج پر پانی کا چھڑکاؤ کرتے رہے تاکہ انہیں گرمی کی شدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ دن کے اوقات میں بیشتر عازمین اپنے خیموں میں مقیم رہے جبکہ شام ڈھلتے ہی منیٰ کی گلیوں اور راستوں پر زائرین کی چہل پہل بڑھ گئی۔

دنیا بھر سے آئے تقریباً 20 لاکھ مسلمان اس وقت منیٰ میں موجود ہیں۔ پاکستانی عازمین نے بھی یومِ ترویہ عقیدت و احترام سے منایا اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد میدانِ عرفات روانگی کی تیاری مکمل کی۔ منیٰ سے عرفات جانے والے ابتدائی قافلوں کی روانگی پیر کی شام ہی شروع ہو گئی تھی۔

مزیدپڑھیں:بوہری برادری آج ملک بھر میں عیدالاضحیٰ منارہی ہے

آج 9 ذوالحج کو تمام حجاج میدانِ عرفات میں جمع ہوں گے جہاں ظہر سے قبل لاکھوں فرزندانِ اسلام رکنِ اعظم وقوفِ عرفات ادا کریں گے۔ بعد ازاں حجاج مغرب کے بعد مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ رات قیام کریں گے۔

دوسری جانب بعض پاکستانی حجاج نے منیٰ میں رہائش سے متعلق مشکلات کی شکایات بھی کیں تاہم وزارت مذہبی امور کے حکام نے فوری اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ عازمین کو رہائش فراہم کر دی۔

سعودی وزارتِ صحت نے حجاج کرام کو طبی معلومات پر مشتمل میڈیکل آئی ڈی بریسلیٹ پہننے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق یہ بریسلیٹ ہنگامی صورتحال میں طبی عملے کو فوری معلومات فراہم کرتا ہے جس سے بروقت علاج اور امداد میں مدد ملتی ہے