بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چودھری شجاعت عظیم سیاستدان ،سوشل میڈیا پرمہم اور غندہ گردی کرنے والوں کو لگام ڈالی جائے، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا مطالبہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے بزرگ سیاستدان چوہدری شجاعت حسین کے خلاف سوشل میڈیا پرنازیبا الفاظ کے استعمال اور پارٹی دفاتر میں انکی تصاویر کی بے حرمتی پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انکا چوہدری شجاعت حسین سے دیرینہ تعلق ہے، انہوں نے ہمیشہ سیاست کے میدان میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ کو ایک استاد کا درجہ دیا ہے، سوشل میڈیا پر چوہدری صاحب کے خلاف مہم اور وہ بھی انکے اپنے قریبی رشتہ داروں اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے بہت تکلیف دہ ہے، ڈاکٹر رمیش نے مزید کہا کہ چوہدری شجاعت کا ملکی سیاست میں ایک اہم کردار ہے، انہوں نے ہمیشہ ملک و قوم کی بھلائی کی خاطر مشکل فیصلے کیے ہیں، چوہدری شجاعت کے جذبہ حب الوطنی سے کسی کو انکار نہیں، چوہدری شجاعت کا موقف برحق ہے کہ وہ چوہدری پرویز الہیٰ کو پنجاب کا وزیراعلیٰ دیکھنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے چوہدری برادران نے پی ڈی ایم اتحاد کے ساتھ معاملات طے کرلئے تھے، اپنی بات سے پھر جانا چوہدری شجاعت کی شان کے خلاف ہے، یہی وجہ ہے کہ دھوکا چوہدری شجاعت نے نہیں بلکہ پرویز الہیٰ نے انہیں دیا ہے، ڈاکٹر رمیش کے مطابق سیاست میں کسی طرح اخلاقی اقدار کو داؤ پر نہیں لگانا چاہیے، انہوں نے شریف برادران کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ہمیشہ اپنے عظیم والد میاں شریف مرحوم کی بات مانتے تھے، انکے انتقال کے بعد شہباز شریف نے کبھی اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی نافرمانی نہیں کی، ہندو دھرم سمیت ہر مذہب میں بڑوں کی عزت لازم ہے، آصف زرداری کی آمد کے موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ اور انکے صاحبزادے مونس الہیٰ کا ملاقات سے انکار کرنا سرکشی ہے،ڈاکٹر رمیش کا کہنا تھا کہ ایک کامیاب سیاستدان کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتا، چوہدری شجاعت کا ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھنا پاکستان کو انتشار سے بچانا تھا، آج ملک بھر کے سمجھدار عوام چوہدری شجاعت حسین کی دوراندیشی اور عظیم قربانی کو سراہتے ہیں، ڈاکٹر رمیش کمار نے مطالبہ کیا کہ چوہدری شجاعت حسین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے غنڈہ گردی کرنے والے عناصر کو لگام ڈالی جائے۔