بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

برطانیہ میں ریکارڈ گرمی کے باعث پانی کا بحران، ہزاروں شہری متاثر

برطانیہ میں ریکارڈ توڑ گرمی اور خشک موسم نے پانی کی فراہمی کے نظام پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں شہریوں کو پانی کی قلت اور کم پریشر کی شکایات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جبکہ ماہرین اس صورتحال کی ایک بڑی وجہ پرانے انفراسٹرکچر اور ترسیلی نظام کی خرابیوں کو قرار دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی انگلینڈ میں حالیہ ہیٹ ویو کے دوران 20 ہزار سے زائد افراد پانی کی قلت سے متاثر ہوئے۔ ان میں Whitstable کے تقریباً 8 ہزار رہائشی بھی شامل ہیں، جہاں متعدد گھروں کو یا تو پانی دستیاب نہیں تھا یا انتہائی کم پریشر کے ساتھ فراہمی جاری رہی۔

South East Water کے مینیجر میتھیو ڈین کے مطابق صورتحال اس حد تک سنگین ہو گئی کہ شہریوں کو ہنگامی بنیادوں پر فراہم کیے جانے والے پانی کے حصول کے لیے طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑا۔

Environment Agency نے خبردار کیا ہے کہ ملک شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہے، جس کی وجہ سے پانی کی طلب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مارچ اور اپریل میں معمول سے کم بارشوں نے آبی ذخائر پر مزید دباؤ ڈال دیا ہے۔

مزیدپڑھیں:وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کی صحت سے متعلق میڈیکل رپورٹ جاری کر دی

رپورٹ میں نجی واٹر کمپنیوں کی جانب سے بنیادی ڈھانچے میں ناکافی سرمایہ کاری پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی کی ترسیل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار نہ کرنے کے باعث ایسے بحرانوں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید برآں، ساحلی علاقوں میں تعطیلات کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد نے بھی پانی کی طلب میں اضافہ کیا، جس سے پہلے سے موجود مسائل مزید نمایاں ہو گئے۔