بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران جوہری ہتھیار نہ بنانے پر آمادہ ہو گیا ہے: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ایران سے یہ ضمانت حاصل کر لی ہے کہ وہ جوہری ہتھیار(neuclear weapons) نہیں بنائے گا جبکہ ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ انہوںنے تہران کو سخت شرائط کے ساتھ تجاویز بھجوائی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شرائط میں تبدیلی سے جنگ کو باضابطہ طور پر ختم کرنے اور آبنائے ہرمز کھلوانے کے معاہدے کو مزید طول مل سکتی ہے، جس کو متضاد بیان بازی اور مسلح تصادم کے باوجود حاصل کرنے کی کوششیں ہوتی رہی ہیں۔

نیویارک ٹائمز اور ایکسیوس نے سنیچر کو رپورٹ کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کا ایک نیا فریم ورک ایران کو بھجوایا ہے جس میں ’مزید سخت شرائط‘ شامل کی گئی ہیں تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کن نکات میں تبدیلی کی گئی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاہدے میں ان کی ترجیح یہی ہے کہ ایران کو کسی قسم کے جوہری ہتھیار بنانے سے روکا جائے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جائے۔

انہوں نے سنیچر کو فاکس نیوز پر اپنی بہو لارا ٹرمپ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے جو صرف ایک ضمانت چاہیے وہ یہی ہے کہ جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے اور انہوں نے اس پر اتفاق کیا ہے، یہ کافی دلچسپ بات تھی۔‘
تاہم اس سے قبل بھی تہران صدر ٹرمپ کے دعوؤں پر شکوک کا اظہار کر چکا ہے اور فریقین اپنی ترجیحات کے لحاظ سے کافی فاصلے پر دکھائی دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں:نیتن یاہو کا لبنان میں فوجی کارروائیاں مزید تیز کرنے کا اعلان

ٹرمپ نے جمعے کو وائٹ ہاؤس کے سیچویشن روم میں قومی سلامتی کے مشیروں سے ملاقات کی تاہم معاہدے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔اس ملاقات سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ ’حتمی فیصلے‘ کی تیاری کر رہے ہیں۔