بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسپین کی ریگولرائزیشن اسکیم پاکستانیوں کیلئے اہم موقع ہے، حنا ربانی کھر

اسلام آباد، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرپرسن حنا ربانی کھر(hinna rabani khar) کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں قانونی ہجرت کے فروغ، انسانی اسمگلنگ کے خاتمے اور سفارتی اصلاحات سمیت اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں اسپین کی جانب سے متعارف کرائی گئی ریگولرائزیشن اسکیم کو پاکستانی شہریوں کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا گیا، جس کے تحت اسپین میں مقیم غیر دستاویزی پاکستانیوں کو قانونی حیثیت ملنے کی امید ظاہر کی گئی ہے، کمیٹی نے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے حکومت کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے غیر قانونی ہجرت کے بجائے محفوظ اور قانونی راستوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر آگاہی مہم چلانے کی سفارش بھی کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزارت خارجہ حکام نے بتایا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو دستاویزات کے حصول میں سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ پاسپورٹ، پولیس کلیئرنس اور ویزا کے اجرا میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

چیئرپرسن حنا ربانی کھر نے کہا کہ یورپ میں سخت ہوتی امیگریشن پالیسیوں کے تناظر میں پاکستان کو زیادہ متحرک اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اسپین کی ریگولرائزیشن پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستانی کمیونٹی کو قانونی تحفظ مل سکتا ہے۔

اجلاس میں سفارتی تعیناتیوں اور تبادلوں کی پالیسی پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں میرٹ، پیشہ ورانہ صلاحیت اور تسلسل کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

کمیٹی نے مستقبل کے سفارتکاروں کی جدید تربیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہیں عالمی معیار کے تربیتی اداروں سے مستفید کرنے کی سفارش کی۔

مزید پڑھیں:جوڈیشل کونسل نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کیخلاف شکایات خارج کردیں

اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور سفارتی اصلاحات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔