واٹس ایپ(Whatsapp) نے صارفین کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے نیا سائن آؤٹ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد صارفین اب ایپ کو ڈیلیٹ کیے بغیر اپنے اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں شامل کیا گیا ہے۔ اس نئے آپشن کے ذریعے صارفین اپنی چیٹس، ڈیٹا اور اکاؤنٹ کی معلومات محفوظ رکھتے ہوئے وقتی طور پر واٹس ایپ سے سائن آؤٹ کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ میں ایک اہم تبدیلی تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے قبل صارفین کے پاس روایتی لاگ آؤٹ کا کوئی آپشن موجود نہیں تھا۔ اگر کسی صارف کو واٹس ایپ سے نکلنا ہوتا تھا تو اسے یا تو ایپ ڈیلیٹ کرنی پڑتی تھی یا پھر پورا اکاؤنٹ استعمال میں رہتا تھا۔
نئے فیچر کے تحت صارف جب سائن آؤٹ کرے گا تو اس کا اکاؤنٹ ڈیوائس سے لاگ آؤٹ ہو جائے گا، تاہم اس کی چیٹ ہسٹری اور محفوظ ڈیٹا برقرار رہے گا۔ اس کا مقصد صارفین کو زیادہ کنٹرول اور آسانی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ضرورت کے مطابق ایپ سے عارضی طور پر باہر نکل سکیں۔
مزیدپڑھیں:افغان ٹیم پہلی بار بھارت میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کرے گی
یہ تبدیلی سیکیورٹی اور پرائیویسی کے لحاظ سے بھی اہم ہے کیونکہ اس سے کسی بھی ڈیوائس پر غیر مجاز رسائی کے خدشات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ سائن آؤٹ آپشن اکاؤنٹ سیٹنگز میں دستیاب ہوگا، جہاں صارف کو تصدیقی عمل مکمل کرنے کے بعد لاگ آؤٹ کیا جائے گا۔ اس کے بعد وہ جب چاہیں دوبارہ لاگ ان کر سکیں گے۔
فی الحال یہ فیچر بیٹا ورژن میں آزمایا جا رہا ہے، اور اس کی عالمی سطح پر تمام صارفین کے لیے دستیابی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔









