پشاور : فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر(Asim Munir) کا کہنا ہے کہ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کو شکست دیں گے اور گمراہ کن نظریے کو مکمل ناکامی سے دو چار کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور خطے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورانِ دورہ فیلڈ مارشل نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، جذبے اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
انہوں نے تمام درپیش خطرات کا مؤثر اور بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے جوانوں کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی سخت ہدایت کی۔
مزیدپڑھیں:تیل کی قیمتیں پانچ ماہ کی بلند ترین سطح پر مستحکم
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ “دہشت گرد تنظیموں کے خلاف تمام تر کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گردوں کو جہاں بھی موقع ملا، انہیں شدید و بھرپور نشانہ بنایا جائے گا۔”
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے غیور عوام، شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ عوام کی اٹوٹ حمایت سے پاکستان دہشت گردوں کو مکمل اور قطعی شکست دے گا اور دہشت گرد عناصر کے ساتھ ساتھ ان کے گمراہ کن نظریے کو بھی ہمیشہ کے لیے نابود کر دیا جائے گا۔









