پاکستان کرکٹ ٹیم(Pakistan Cricket Team) کے سب سے وفادار اور مشہور سپورٹر ’’چاچا کرکٹ‘‘ کی ایک یادگار ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے شائقینِ کرکٹ کو ماضی کی حسین یادوں میں واپس پہنچا دیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم کی جانب سے وکٹ حاصل کیے جانے پر چاچا کرکٹ خوشی سے سرشار ہو کر لسی سے بھری بوتل ہاتھ میں لیے میدان میں داخل ہو جاتے ہیں۔ اس موقع پر وہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستان کا روایتی اور مقبول مشروب لسی پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
چاچا شروع سے ہی چاچا تھا 😂 pic.twitter.com/TiEeMaKK8s
— Ans (@PakForeverIA) June 5, 2026
ویڈیو میں سابق کپتان وسیم اکرم سمیت دیگر پاکستانی کرکٹرز کو خوشگوار ماحول میں چاچا کرکٹ سے لسی وصول کرتے اور مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے کھلاڑیوں اور شائقین کے درمیان محبت اور اپنائیت کی خوبصورت جھلک نمایاں ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو ’’پاکستانی کرکٹ کلچر کی خوبصورت یاد‘‘ اور ’’وطن اور کرکٹ سے محبت کی لازوال مثال‘‘ قرار دیتے ہوئے چاچا کرکٹ کے جذبے، وفاداری اور بے لوث محبت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ چاچا کرکٹ کے نام سے دنیا بھر میں معروف 77 سالہ عبدالجلیل نے حال ہی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے بعد باقاعدہ طور پر کرکٹ اسٹیڈیمز میں قومی ٹیم کی حمایت سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
مزیدپڑھیں:سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ 12 ہزار 489 روپے سستا
انہوں نے 4 جون کو آخری مرتبہ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر پاکستان ٹیم کا میچ دیکھا اور یوں کئی دہائیوں پر محیط ایک یادگار سفر اختتام پذیر ہوا۔
عبدالجلیل نے پہلی مرتبہ 1968-69 میں لاہور میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ اسٹیڈیم میں دیکھا تھا۔ بعد ازاں وہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے مستقل سپورٹر کے طور پر مشہور ہوئے اور اپنی منفرد شخصیت کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جانے لگے۔
سبز لباس، سبز ٹوپی اور قومی پرچم کے رنگوں میں ملبوس ان کی منفرد شخصیت پاکستان کرکٹ کی علامت بن گئی۔ 1999 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بھرپور حمایت نے انہیں عالمی شہرت دلائی اور وہ بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
چاچا کرکٹ نے اپنے طویل سفر کے دوران پاکستان کی متعدد تاریخی کامیابیاں اپنی آنکھوں سے دیکھیں، جن میں 1986 میں جاوید میانداد کا بھارت کے خلاف آخری گیند پر یادگار چھکا اور 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی شاندار فتح شامل ہیں۔
عبدالجلیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے قومی ٹیم کے تقریباً 500 میچز میں شرکت اور حوصلہ افزائی کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔ اب وہ سیالکوٹ کے قریب ایک ریسٹورنٹ اور کرکٹ میوزیم قائم کرنا چاہتے ہیں، جہاں وہ کرکٹ سے وابستہ اپنی نایاب یادگار اشیاء محفوظ کریں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اگرچہ حالیہ برسوں میں قومی ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، تاہم پاکستان کرکٹ ایک بار پھر کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہوگی اور شائقین کو خوشیاں فراہم کرے گی









