بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 افراد گرفتار، حالات کشیدہ

آزاد کشمیر (Azad Kashmir) میں کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے منسلک 72 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ، مواصلاتی آلات اور مشتبہ دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بعض عناصر عوامی مسائل کے نام پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی قسم کی بدامنی کی اجازت نہیں دیں گے۔ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب 9 جون کی ہڑتال کی کال کے باعث مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ مظفرآباد، باغ اور میرپور سمیت کئی شہروں میں سیکیورٹی کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے جبکہ اہم مقامات پر فلیگ مارچ بھی کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں؛جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کالعدم تنظیم قرار، محکمہ داخلہ نوٹیفکیشن جاری

صورتحال کے باعث بازار بند ہونے کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف نظر آئی، جبکہ بعض علاقوں میں پیٹرول کی قلت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ جہاں پیٹرول دستیاب ہے وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔

اس دوران وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اگر حالات اسی سمت میں جاتے رہے تو ایکشن کمیٹی پر پابندی ناگزیر تھی۔ ان کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے دوران 38 نکات میں سے کئی پر عملدرآمد کیا، جبکہ باقی نکات پر پیش رفت جاری رہ سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نشستوں کے خاتمے کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگا گیا تھا، تاہم ایکشن کمیٹی نے اس پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست افراتفری کی متحمل نہیں ہو سکتی، اور عوام کو اپنے مطالبات کے لیے انتخابی عمل کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر حکومت نے گزشتہ روز جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا، جس کے بعد ہڑتال کی کال اور صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔