اسرئیلی فوج نے دعویٰ کیاہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملہ(missile attack) کیا گیاہے ، ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد وسطی اسرائیل میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کے میزائل حملے کے بعد وسطی اسرائیل میں دھماکے سنے گئے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چار میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا، تاہم مزید میزائل اسرائیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایران سے میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیل کے کئی علاقوں میں سائرن بج اٹھے، جس پر اسرائیلی حکام نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق کچھ دیر قبل ایران سے اسرائیل پر میزائل داغے گئے ہیں، دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ضروری حفاظتی ہدایات پہنچا دی گئی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ جن شہریوں کو موبائل فون پر ہنگامی الرٹ موصول ہوا ہے وہ فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہو جائیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران نے بیروت پر حملے کے بعد جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد یہ تازہ میزائل حملہ سامنے آیا ہے۔
مزید پڑھیں:GBA-11 کھرمنگ کا غیر سرکاری نتیجہ، پیپلز پارٹی کے اقبال حسن کامیاب
ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ دشمن لبنان کے علاقے ضاحیہ پر حملے کی بھاری قیمت چکائے گا، ثالث کی تہران میں موجودگی کے دوران لبنان پر بمباری کرکے دشمن نے مذاکرات کی میز کو آگ لگادی، ہم خلاف ورزی کرنے والوں کو طاقت کی زبان میں جواب دیں گے۔









