بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور ازبکستان میں میڈیا و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ(Ata Tarar) سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، فلم، ثقافت اور ابلاغِ عامہ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا اور ثقافتی روابط عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد امن مذاکرات میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے قابلِ قدر سفارتی اقدامات کیے ہیں جنہیں عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ازبکستان مشترکہ طور پر مختصر فلم، دستاویزی فلم یا ڈرامہ سیریز کی تیاری کے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں تاکہ دونوں ممالک کی تاریخ، ثقافت اور عوامی روابط کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے تجربہ کار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل پروڈکشن اداروں کی شمولیت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشترکہ فنڈنگ کے ذریعے بڑے پیمانے پر فلمی اور ثقافتی منصوبوں کو عملی شکل دی جا سکتی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تخلیقی شعبوں کو فائدہ پہنچے گا۔

مزیدپڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار علی خان کی رہائش گاہ آمد،خوشدامن کے انتقال پرفاتحہ خوانی

وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور ازبکستان کے مشترکہ تاریخی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اس مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کی سوشل میڈیا ٹیموں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، مشترکہ ڈیجیٹل مواد تیار کیا جائے گا اور مربوط آن لائن تشہیری حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ مثبت قومی تشخص اور ثقافتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا، جبکہ صحافیوں کے مطالعاتی دوروں اور وفود کے تبادلوں سے بھی میڈیا تعلقات کو نئی جہت ملے گی اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کر سکیں گے۔

ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان میڈیا، ثقافت اور ابلاغ کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس سلسلے میں باہمی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔