بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج مسترد کر دیے، 8 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف (PTI) نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے انہیں دھاندلی زدہ قرار دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے ایک وائٹ پیپر بھی جاری کیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات کو شفاف نہیں سمجھتی اور انہیں جعلی انتخابات قرار دیتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نئی اسمبلی کے ارکان کے حلف برداری کے روز گلگت بلتستان میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق پارٹی کے پاس اب تک تین حلقوں کے فارم 47 موجود ہیں، جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی آٹھ نشستوں پر واضح برتری حاصل کیے ہوئے تھی اور ان حلقوں کے سرکاری نتائج بھی ان کے حق میں آنے چاہییں تھے۔

مزید پڑھیں؛گلگت بلتستان کے انتخابات میں شفافیت نہیں تھی، نتائج پر سوالات موجود ہیں: راجہ ناصر عباس

انہوں نے کہا کہ ووٹوں میں مبینہ ردوبدل اور شہریوں کو آزادانہ طور پر حقِ رائے دہی استعمال کرنے سے روکنا جمہوری عمل کے منافی ہے۔ ان کے بقول انتخابات سے قبل ہی ایسے اقدامات کیے گئے جن کا مقصد پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ منظم منصوبہ بندی کے تحت پری پول دھاندلی کی گئی اور انتخابی میدان کو غیر مساوی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت عوام میں مقبول ترین سیاسی قوت ہے اور آج بھی ملک کی بڑی تعداد پی ٹی آئی کے مؤقف کی حمایت کر رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابی عمل سے متعلق تمام تحفظات کا شفاف انداز میں جائزہ لیا جائے تاکہ عوام کا جمہوری نظام پر اعتماد بحال رہ سکے۔