وفاقی بجٹ 2026-27 کی پیشکش کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے حکومت میں مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ 10 جون کی بجائے 12 جون کو پیش کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ حتمی فیصلہ آئندہ ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بجٹ سے متعلق متعدد امور ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر مشاورت جاری ہے، تاہم وقت کم ہونے اور محرم الحرام کی آمد کے باعث انتظامی معاملات مزید پیچیدہ ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں؛وفاقی بجٹ 2026-27 کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان
احسن اقبال کے مطابق اس مرحلے پر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ بجٹ کی تاریخ میں حتمی طور پر ردوبدل ہوگا یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض امور بجٹ پیش ہونے کے بعد بھی واضح کیے جاتے ہیں، اس لیے صورتحال مسلسل بدل رہی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ شیڈول سے متعلق فیصلہ سیاسی اور انتظامی مشاورت مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔









