ایوان صدر میں وزیراعظم شہباز شریف (Shahbaz Sharif) کی سربراہی میں حکومتی ٹیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کے درمیان اہم ملاقات جاری ہے، جس میں وفاقی بجٹ سمیت مختلف سیاسی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایوان صدر پہنچے تو صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وفد کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ پارٹی کی بجٹ کمیٹی کے ارکان بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
مزید پڑھیں؛وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار علی خان کی رہائش گاہ آمد،خوشدامن کے انتقال پرفاتحہ خوانی
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے خدوخال، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم پالیسی امور پر تفصیلی مشاورت کی جا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کی بھی ملاقات میں شرکت کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان بجٹ سمیت اہم قومی امور پر ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے یہ مشاورت جاری ہے۔








