بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور میں کرائے پر ای بائیکس متعارف کرانے کی تیاری، پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ

پنجاب حکومت (Punjab Government) نے شہریوں کو ماحول دوست اور سستی سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں پہلی بار کرائے پر ای بائیکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔

منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں شہر بھر میں 10 ہزار ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ 300 ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو رہائشی علاقوں سے قریبی میٹرو، بس اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ مراکز تک آسان اور کم خرچ سفری سہولت مہیا کرنا ہے۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق جدید “لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی” نظام کے تحت شہری موبائل ایپ کے ذریعے چند لمحوں میں ای بائیک حاصل کر سکیں گے، جس سے روزمرہ سفر مزید سہل ہو جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 10 ہزار ای بائیکس کے استعمال سے شہر میں کاربن اخراج میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ ٹریفک کے دباؤ، ایندھن کے اخراجات اور فضائی آلودگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

منصوبے میں پی ایچ اے ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز کے لیے جگہ فراہم کرے گا، جبکہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے بھی اس میں تعاون کریں گے۔

مزید پڑھیں؛لاہور میں کرائے پر ای بائیکس متعارف کرانے کی تیاری، پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے اور کم عمر افراد کو ایپ کے استعمال کی اجازت نہ دی جائے۔

نورالامین مینگل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے گرین موبلٹی وژن کے تحت یہ منصوبہ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کو جدید، آسان اور کم لاگت سفری سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ایسے جدید منصوبوں کی ضرورت ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکنگ اسٹیشنز کے لیے موزوں مقامات کا انتخاب بھی کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب سے حاصل ہونے کے بعد اس پر عملی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔