بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افزودہ یورینیم کا تحفظ، ایران نے بارودی سرنگیں نصب کردیں: امریکی میڈیا

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے افزودہ یورینیم (Enriched Uranium)کو محفوظ بنانے کے لیے زیرِ زمین جوہری تنصیبات کو سیل کر کے ان تک پہنچنے کے راستوں پر بارودی سرنگیں نصب کردی ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی حالیہ رپورٹ میں امریکی انٹیلی جنس کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران نے حالیہ ہفتوں میں اپنے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں جن میں زیر زمین سرنگوں کو بند کر کے ان کے داخلی راستوں پر بارودی سرنگیں نصب کرنا بھی شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً نصف ٹن انتہائی افزودہ یورینیم تک رسائی اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل، خطرناک اور وقت طلب ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ بین الاقوامی برادری کے اندازوں کے مطابق اس ذخیرے کا بڑا حصہ وسطی ایران میں واقع اصفہان جوہری تنصیب کی بند سرنگوں میں موجود ہے جب کہ کچھ مواد دیگر مقامات پر بھی رکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مئی کے وسط میں امریکی فوج اس جوہری مواد پر قبضے کے لیے ایک آپریشن کے لیے تیار تھی مگر پھر اسے انتہائی خطرناک قرار دے کر مؤخر کر دیا گیا تھا، اس کے بعد سے ایران نے ان مقامات کو مزید مضبوط اور محفوظ بنا دیا ہے۔

مزید پڑھیں:نامور پاکستانی نژاد سعودی ماہرِ معاشیات ڈاکٹر محمد عمر چھاپرا انتقال کر گئے

ایران کی جانب سے امریکی میڈیا کی اس رپورٹ پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا گیا مگر ماضی میں ایرانی حکام اپنے بیانات میں متعدد بار اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت اور دفاعی تیاریوں پر زور دیتے رہے ہیں۔