بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف کا نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغازپر امہ کیلئے اہم پیغام

تمام اہلیان وطن اور مسلم امہ کو نئے اسلامی سال(Islamic year) 1448 ہجری کے آغاز کی خوشیاں مبارک ہوں۔اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہیں کہ یہ نیا سال نہ صرف عالم اسلام بلکہ تمام انسانیت کے لئے امن و خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔

1448ہجری کا ہر دن دنیا بھر میں امن و سلامتی ،رواداری ، باہمی آہنگی، پر امن بقائے باہمی اور تحفظ انسانیت کا ضامن ہو۔یہ امر باعث مسرت ہے کہ اسلامی سال کا مبارک آغاز دنیا میں ایران امریکہ بڑے تنازعہ کے پر امن حل کی خبر سے ہورہا ہے۔

پاکستان کی قیام امن کے لئے پر خلوص کوششوں کے بار آور ہونے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ افہام و تفہیم اور پر امن سفارتکاری کی حکمت عملی ہی اسلامی اسلوب اور اسوہ حسنہ کی تعلیم ہے۔

نیا ہجری سال اپنے آغاز کی روایتی نسبت سے ہجرتِ نبوی ﷺ کے عظیم الشان واقعے کی یاد دہانی ہے۔ ہجرتِ نبوی ﷺ کے نمایاں ثمرات میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مثالی معاشرت اور ریاست کی بنیاد ہے۔

اس مثالی ریاست نےتاریخِ انسانیت کا رخ بدل دیا اور ایمان، عدل، مساوات، اخوت اور خدمتِ انسانیت کی اساس پر مبنی ریاست کی بنیاد رکھی۔ہجرتِ نبوی ﷺ نے اخوت، ایثار، باہمی اعتماد، نظم و ضبط، عدل و انصاف اور اجتماعی ذمہ داری کا درس دیا۔

انہی اصولوں اور اسوۂ حسنہ کی مکمل رہنمائی میں ہی مسائل کا دائمی حل پوشیدہ ہے۔ محرم الحرام کا آغاز معرکہ کربلا کی بھی یاد دلاتا ہے جس میں نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ نے اپنے جانثار ساتھیوں سمیت جبر و استبداد کے خلاف غیر متزلزل یقین اور جرأت سے قربانی کی تاریخ رقم کی۔

نئے سال کے آغاز پر دنیا بھر کے مصیبت زدہ بالخصوص فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بھائیوں کے حقوق کی حمایت میں ثابت قدم رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

نئے ہجری سال کے آغاز پر آئیے عہد کریں کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں دیانت داری، محنت، باہمی احترام و رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں گے۔

مزید پڑھیں:خام تیل قیمت میں مسلسل کمی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی امکان

اور اپنے کردار و عمل سے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔اللہ تعالیٰ نئے سال کو پاکستان، عالمِ اسلام اور پوری دنیا کے لیے خیر، برکت، امن اور خوشحالی کا پیامبر بنائے۔آمین!