راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (پولیس) بابیکر سمرا مصطفیٰ علی کی جی ایچ کیو راولپنڈی آمد، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سطح پر بدلتی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سوڈان کے وزیر داخلہ نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں:ملیحہ علی نے IMMAF ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بناکر تاریخ رقم کردی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔








