بھارتی ٹریول وی لاگر (Indian vloger)انکیتا کمار نے افغانستان کے 13 روزہ اکیلے سفر (سولو ٹرپ) کے دوران طالبان اہلکاروں کے ساتھ پی گئی چائے اور افغان خواتین کے ساتھ ملاقات کی تصویریں شیئر کی ہیں۔
تقریباً 6 لاکھ سوشل میڈیا فالوورز رکھنے والی انکیتا کمار نے بتایا کہ یہ افغانستان جانے کی میری چوتھی کوشش تھی، پہلے 3 مواقع خاندانی مسائل، پرواز کی منسوخی اور علاقائی کشیدگی کے باعث ناکام ہوئے تاہم اس بار میں تاجکستان سے سرحد عبور کر کے افغانستان میں داخل ہوئی۔
وی لاگر انکیتا کمار کے مطابق میں نے کابل، بامیان، بندِ امیر، غور، ہرات، قندھار اور مزارِ شریف سمیت کئی شہروں کا دورہ کیا، کابل خوبصورت پہاڑوں کے باوجود غربت، بھیک مانگتے بچوں اور خواتین پر سخت پابندیوں کا منظر پیش کرتا ہے۔
انکیتا نے بتایا کہ افغانستان میں اکیلی خاتون مسافر ہونے کے باعث ہر شہر میں طالبان حکام میری سفری دستاویزات اور اجازت ناموں کی جانچ کرتے رہے، خواتین کے لیے مرد سر پرست کے بغیر سفر ممکن نہیں جبکہ کئی عوامی مقامات پر رسائی محدود ہے۔
بندِ امیر میں خواتین کو صبح 8 بجے کے بعد داخلے کی اجازت نہیں جبکہ قندھار میں خواتین کو گاڑی کی اگلی نشست پر بیٹھنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔
مزید پڑھیں:یو اے ای، سوشل میڈیا استعمال کیلئے کم از کم عمر 15 سال مقرر کرنیکی منظوری
وی لاگر کے مطابق غور صوبے اور مینارِ جام کے قریب میری طالبان ارکان کے ساتھ ملاقات بھی ہوئی جہاں چائے پر افغانستان، پاکستان، بھارت اور عالمی سیاست پر گفتگو ہوئی۔









