کراچی(نیوزڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آصف زرداری اکیلے ان سب کے لئے کافی ہیں وہ جلد واپس آئیں گے۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آصف زرداری صاحب اپنے نواسے کی سالگرہ میں شرکت کے لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرح گوگی بنی گالا کا کچن سنبھالتی تھی اور زمین الاٹمنٹ اور پنجاب میں تبادلے کے کام کرتی تھی، پی ٹی آئی نے کالے کرتوت کو چھپانے کے لئے فرح گوگی کو بھگایا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ زرداری صاحب مرد مجاہد ہیں ان کو بھاگنے کی ضرورت نہیں جلد واپس آئیں گے، بھاگنے کی ضرورت اب پی ٹی آئی کو ہے، زرداری اکیلے ان سب کے لئے کافی ہیں وہ جلد واپس آئیں گے۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی اچانک دبئی روانگی کے معاملے پر بختاور بھٹو زرداری نے وجہ بیان کردی تھی۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر جاری پیغام میں کہا تھاکہ آصف زرداری اگر 11سال جیل سے نہیں بھاگے تو اب کیوں بھاگیں گے؟
آصف زرداری کی صاحبزادی نے کہا کہ آصف زرداری نے ہر دور حکومت میں عدالتوں کا سامنا کیا، ڈکٹیٹرز کا بھی سامنا کیا لیکن آصف زرداری ملک سے بھاگے نہیں۔
بختاور بھٹو نے بتایا کہ ایک نانا کے طور پر آصف زرداری اپنے نواسے کا پہلا جنم دن اور وقت ساتھ گزارنے کے لیے یہاں دبئی پہنچے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر مزید کہا تھا کہ آصف زرداری کا یہ وزٹ پچھلے مہینے طبی وجوہات کے باعث نہیں ہوسکا تھا۔
زرداری اکیلے ان سب کیلئے کافی، جلد واپس آئیں گے ، شرجیل میمن








