اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریزن وین(Prision Van) سے 14 قیدی فرار ہوگئے، پولیس نے چار کو دوبارہ پکڑلیا دس کی تلاش جاری ہے۔
میڈیاکے مطابق اسلام آباد کے علاقے چکیاں اسٹاپ کے قریب اڈیالہ جیل کی پریزن وین سے قیدیوں کے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق وین میں 34 قیدی سوار تھے جنہیں اڈیالہ جیل واپس منتقل کیا جارہا تھا کہ چکیاں اسٹاپ کے قریب 14 قیدی پراسرار طور پر وین سے فرار ہوگئے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر رپورٹ اور آپریشن کا حکم دے دیا۔پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں جو بقیہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچنگ کررہی ہیں۔
راولپنڈی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس کے مطابق فرار ہوئے ملزمان زیر سماعت مقدمات کے ملزم ہیں، واقعہ سہالہ ضلع اسلام آباد کی حدود میں پیش آیا، متعلقہ پولیس سے کوآرڈینیشن جاری ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق وین میں قیدیوں کی آپس میں شدید لڑائی ہوئی جس کے بعد واقعہ پیش آیا۔
مزید پڑھیں:پریزن وین سے 14 قیدی فرار، 4 پکڑے گئے، 10 کی تلاش جاری
پنڈی پولیس نے کہا ہے کہ فرار قیدیوں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جب کہ واقعہ کے حوالے سے سینئر افسران کی زیر نگرانی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔








