بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

موسمی تغیرات کیخلاف وفاقی اورصوبائی سطح پرتعاون ناگزیر ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں(Climate Changes) سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے موسمیاتی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مکمل تعاون ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون سیزن کی تیاری، ممکنہ سیلابی صورتحال اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی اداروں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام اس ہفتے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا دورہ کریں تاکہ مون سون سے قبل زمینی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

وزیراعظم نے وزیر منصوبہ بندی کی نگرانی میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور متعلقہ وزارتوں پر مشتمل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی، جو صوبائی اداروں کے ساتھ عملی رابطہ اور تعاون یقینی بنائے گی۔

ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کو ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔وزیر خزانہ کو ممکنہ سیلاب یا دیگر قدرتی آفات کی صورت میں ہنگامی فنڈز کی پیشگی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ بین الاقوامی مالی معاونت سے جاری منصوبوں کو قومی اور مقامی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی استعمال کیا جائے۔

آبی منصوبوں اور سیلابی خطرات سے متعلق وزیراعظم نے بتایا کہ بجٹ میں آبی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے 330 ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی گئی ہے۔ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو دریاؤں کی گزرگاہوں اور ممکنہ سیلابی راستوں سے تجاوزات کے خاتمے اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔ تمام متعلقہ اداروں کو مون سون کے دوران اپنی ادارہ جاتی اور تکنیکی صلاحیتیں عوام کی حفاظت اور سہولت کے لیے بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے مون سون کی تیاریوں، ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال دنیا بھر میں شدید گرمی کی لہروں اور غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیوں کے امکانات نمایاں ہیں۔پاکستان میں بھی جولائی کے دوران شدید گرمی کے ساتھ معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف عبور کر لیا

اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، عطا اللّٰہ تارڑ، سردار اویس لغاری، مصدق ملک، شزا فاطمہ، اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللّٰہ، چیئرمین واپڈا سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔